مسلم لیگ ضیاء برقرار رہیگی، عمران خان باتوں میں آجاتے ہیں،اعجازالحق

اسلام آباد (امت نیوز) سابق وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اعجاز الحق کا کہنا ہے کہ حکومت سے پی ٹی آئی کے معاملات حل کرانے کی کوشش کروں گا۔

عمران خان سے حالیہ ملاقات پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارٹی چیئرمین سےکہا مشاورت کرکے محتاط انداز میں بات کریں اور غلط فہمیاں پیدا کرنے والی چیزیوں سےگریز کریں، اب کوشش ہے معاملات احسن انداز میں چلتے رہیں۔

اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان لوگوں کی باتوں میں بہت جلدی آجاتے ہیں، وہ اپنے قریبی لوگوں کی باتیں بہت سنتے ہیں، ایک لیڈر کو سننا زیادہ اور بولنا کم چاہئے، البتہ متنازع ٹویٹ کے بعد سے عمران خان کے مؤقف میں تبدیلی آرہی ہے اور وہ خود کہہ بھی چکے ہیں فوج میری، ملک بھی میرا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کے تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے عمران خان اسٹیبلشمنٹ سےدور رہیں کیونکہ اس سے حکومت کو فائدہ ہوتا ہے، ماضی میں جب بھی پی ٹی آئی کو ادارے سے قریب لانے کی کوشش کی تو حکومت اس کو روکنے کے لئے حرکت میں آتی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اعجاز الحق نے کہا کہ پارٹی مسلم لیگ ضیاء الحق شہید کے نام سے بر قرار رہے گی، کوئی مسئلہ ہوا تو پارٹی کسی اور کے حوالے کرکے سربراہ میں خود رہوں گا، عمران خان کے ساتھ مل کر سیاسی جدوجہد کریں گے لیکن ہماری جماعت برقرار رہے گی۔

مسلم لیگ ضیاء ختم کرنے سے متعلق سوال پر اعجاز الحق نے کہا کہ ہماری جماعت ضم ہوئی ہے، ختم نہیں ہوئی جب کہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی پی ٹی آئی میں ضم ہورہی ہیں، البتہ ماضی میں بھی سیاسی اتحاد بنتے رہے ہیں، ایم ایم اے،آئی جی آئی جیسے اتحاد بن چکے ہیں، میں ذاتی طور پر پی ٹی آئی میں شامل ہوا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ 5 مارچ 2022 کو عمران خان سے پہلی ملاقات رجیم چینج کی اطلاعات ملنے پر ہوئی تھی جس میں عمران کو نواز شریف اور جمالی صاحب سے ملاقات سے متعلق آگاہ کیا تھا۔

انتخابات کے معاملے کے پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ صرف صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کرانا مشکل ہوتا ہے، البتہ عمران خان کے بھی ذہن میں تھا کہ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات صرف پی ٹی آئی کےحق میں تھے، الیکشن ہوجاتے تو ن لیگ کا صفایا ہو جاتا۔

تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے کے حوالے سے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کافی عرصے سے پی ٹی آئی میں آنے کا کہہ رہے تھے، اپنی پارٹی کے رہنماؤں سے مشاورت کا وقت نہیں ملا۔

قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے استعفوں اور واپسی پر اعجاز الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی سے استعفے جلد بازی میں دیئے لیکن صوبائی اسمبلیوں میں استعفوں پر اعتراض ناجائز ہے، جمہوریت میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوتے، عمران خان بات چیت کیلئے تیار ہیں اور حکومت بھاگ رہی ہے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ گرفتاریوں اور دیوار سے لگانے سےمسائل حل نہیں ہوں گے، آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول پر بھی معاملات طے نہیں ہو پا رہے، آگے جا کر کیا ہوگتا، لہٰذا وزیراعظم اور پی ڈی ایم قیادت سے ملاقات کرکے معاملات حل کرانے کی کوشش کروں گا۔