پی ٹی آئی جلسہ: مینار پاکستان جانے والے راستوں پر کنٹینرز لگا کر بند

لاہور(امت نیوز) پاکستان تحریک انصاف آج لاہور میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کو تیار ہے لیکن مینار پاکستان پر تاحال انتظامات مکمل نہ ہو سکے۔مینار پاکستان پر پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں، جلسہ گاہ میں 120 فٹ چوڑا اور 19فٹ لمبا اسٹیج تیار کرلیا گیا ہے۔

عمران خان بلٹ پروف کنٹینر سے کارکنوں سے خطاب کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی بلٹ پروف کنٹینر سے باہر نہیں نکلیں گے۔جلسہ گاہ میں لائٹس اور کرسیاں لگانے کا کام جاری ہے، بارش کے باعث گرؤانڈ میں پانی جمع ہے، کارکنان جلسہ گاہ میں کھڑا پانی نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سنئیر رہنما حماد اظہر، اعظم خان سواتی اور زلفی بخاری رات گئے مینار پاکستان پہنچجلسہ کمیٹی کے اراکین نے مینار پاکستان پر جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

اعظم خان سواتی نے کہا کہ ہفتے کو مینار پاکستان پر ملک کے چپے چپے سے لوگ ائیں گے اور اس جلسے سے تاریخ مرتب کریں گے۔

زلفی بخاری نے کہا کہ یہ جلسہ تحریک انصاف کے لاپتہ افراد کے لئے آواز بلند کرے گا۔ دوسری جانب پنجاب پولیس نے مینار پاکستان جانے والے راستوں پر کنٹینرز لگا دیے۔ شالم مارکیٹ چوک اور بانساں والا بازار چوک پر دونوں اطراف کنٹینرز لگا دیے گئے۔

ریلوے اسٹیشن سے مینار پاکستان جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند کردیے گئے جبکہ لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ۔

شاہدرہ سے راوی پل کے داخلی اور خارجی راستے اور داتا دربار سے مینار پاکستان جانے والے راستے بھی کنٹینر لگا کر بند کردیے گئے۔

اس کے علاوہ ڈی سی آفس کے باہر کنٹینرز لگا کر راستوں کو بند کر دیا گیا، کنٹینرز لگانے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔