کوئٹہ (امت نیوز)مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی ضمانت منظور کرلی ہے۔
کوئٹہ پولیس نے سخت سکیورٹی میں حسان نیازی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، اس موقع پر میڈیا نمائندگان کو بھی عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے حسان نیازی کی ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی جس کے بعد پولیس سخت سیکیورٹی میں حسان نیازی کو لے کر روانہ ہوگئی۔اس موقع پر حسان نیازی نے کہا کہ میرا قصور یہ ہے کہ میں عمران خان کا لیگل ایڈوائزر ہوں۔ گزشتہ روز اسلام آباد سے گرفتار عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 20 مارچ کو اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس ناکے پر مزاحمت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
جس کے بعد حسان نیازی کے خلاف کوئٹہ کے تھانہ ایئرپورٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، ان پر اشتعال دلانے کی دفعات کے تحت کوئٹہ کے تھانے میں مقدمہ درج ہوا تھا۔