ایجنٹ کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے،رانا ثناء اللہ

لاہور(اُمت نیوز)وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف کام کرنے والے ایجنٹ کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
پاکستان تحریک انصاف کے آج مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے کے حوالے سے اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پہلے امریکی لابسٹ فرموں سے تو حقیقی آزادی حاصل کر لو، عمران خان کی جانب سے امریکا سے نہیں ڈرتا سے لے کر میری جان کو خطرہ ہے تک کا جھوٹ بولا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان آئین، قانون اور سچائی سے حقیقی آزادی چاہتے ہیں، عمران نیازی توشہ خانہ، فارن فنڈنگ، ٹیریان نیازی کیسز سے حقیقی آزادی چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ہر ادارے اور اس کے سربراہ کو اپنا غلام بنانے کی حقیقی آزادی چاہتے ہیں، اس کی حقیقی آزادی کے مناظر ڈی چوک پر پوری قوم پہلے ہی دیکھ چکی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ ایک بار پھر ملک میں لوٹ مار کی حقیقی آزادی چاہتے ہیں، عمران نیازی کی امریکا سے اوپر سے لڑائی ہے، اندر سے بھائی بھائی ہیں، غدار وطن مینار پاکستان جیسی پاک جگہ کو اپنے جھوٹ کے لیے استعمال کر رہا ہے، پاکستان کے خلاف کام کرنے والے ایجنٹ کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔