لاہور(امت نیوز) انسداد دہشت گردی فورس نے پاکستان تحریک انصاف کے مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے میں حملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے تھریٹ الرٹ جاری کردیا۔
سی ٹی ڈی پنجاب کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کے مرکزی رہنما مکرم خراسانی نے مینار پاکستان پر دہشت گردی کا منصوبہ تیار کیا ہے، دہشت گرد ملک میں افرا تفری پیدا کرنے کیلیے پی ٹی آئی کو زمان پارک، ریلیوں اور مینار پاکستان جلسے کو نشانہ بناسکتے ہیں۔
سی ٹی ڈی نے مراسلے میں کہا کہ مکرم خراسانی نے دہشت گرد عبدالولی خان سے مشاورت کے بعد منصوبہ ترتیب دیا ہے۔ دہشت گردوں نے 25 خودکش بمباروں کے ساتھ حملے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ عبدالولی خان ماضی میں لاہور شہر میں متعدد دھماکے کر چکا ہے۔
مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں اہم تنصیبات اور یونیفارم میں ملبوس فورس کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں، تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے سخت سیکیورٹی انتظامات کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف آج نماز تراویح کے بعد مینار پاکستان میں جلسے کا انعقاد کرنے جارہی ہے جس کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔