مسجد الحرام میں زائرخواتین کی خدمت کیلئے خواتین اہلکار تعینات

مکہ مکرمہ (امت نیوز)سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان  کے دوران مسجد الحرام میں زائر خواتین کی خدمت کے لیے بڑی تعداد میں اہلکار خواتین تعینات کی ہیں۔

انتظامیہ نے زائر خواتین کی سہولت کے لیے مصلے تیار کیے گئے ہیں اور آنے جانے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے راہداریاں بنائی ہیں۔
معاون سیکریٹری برائے زائر خواتین وضحہ بنت عبدالرحمن عسیری نے بتایا کہ زائر خواتین کے آنے جانے کے لیے 22 دروازے  مختص کیے گئے ہیں۔ مسجد الحرام کے اندر اور باہر  68 مصلے تیار کیے گئے ہیں۔

مسجد الحرام کے اطراف زائر خواتین کے لیے 11 واش روم بنائے گئے ہیں اور سات کمپلیکس مختص کیے گئے ہیں جن کی صفائی اور دھلائی دن میں سات مرتبہ ہوتی ہے۔
مسجد الحرام آنے والی خواتین اپنے ہمراہ لانے والا سامان بھی چیک کراتی ہیں۔
وضحہ عسیری نے بتایا کہ زائر خواتین میں نابینا بھی شامل ہیں ان کے لیے قرآن پاک کے سپیشل نسخے رکھے گئے ہیں جو بریل سسٹم کے ہیں۔

وضحہ عسیری کا کہنا ہے کہ واش رومز کی جراثیم کش مادے سے صفائی کرائی جا رہی ہے۔ خواتین کے لیے مختص مصلوں کے قالین دن میں چار مرتبہ معطر ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے بھی خواتین ہی تعینات ہیں۔
وضحہ عسیری نے بتایا کہ زائر خواتین میں عربوں کے علاوہ دیگر زبانوں سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی ہیں ان کی سہولت کے لیے اردو، انگریزی، ترکی، فارسی، فرانسیسی اور ازبک وغیرہ زبانوں میں گائیڈ خواتین تعینات کی گئی ہیں۔