عمران خان جلسے کے لیے مینار پاکستان روانہ

لاہور(امت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلسے کے لیے مینار پاکستان روانہ ہوگئے۔اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد اُن کے ساتھ موجود تھی جبکہ ٹائیگر فورس کے رضاکاروں نے ان کی گاڑی کو حصار میں لیا ہوا تھا۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ مینار پاکستان جلسے میں پہنچے تو کارکنان نے اُن کا والہانہ استقبال کیا۔
اسی دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بھی کارکنوں کے ساتھ مینار پاکستان پہنچے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راستوں کی بندش پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ساری قوم سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے، جسٹس عمر عطا بندیال سے امید ہے کہ وہ کبھی مایوس نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آٹے دے کے تصویریں بنوانے والے ملک کی دولت لوٹ رہے ہیں، ظل شاہ کو پولیس نے مارا اس کی بد دعا پولیس کو لگے گی، نگراں حکومت نے نے جتنے کنٹینر لگائے ہیں اُسے شرم سے ڈوب مرنا چاہیے۔ شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ اب ملک کی صورت حال ایسی ہوگئی ہے کہ قوم مرنے اور مارنے کے لیے تیار ہے۔
قبل ازیں سینیٹر اعظم سواتی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میں میڈیا کے سامنے عمران خان کے ترجمان کی حیثیت سے آیا ہوں، ہمارے کارکنوں کو مینار پاکستان نہیں پہنچنے دیا جا رہا، ڈی آئی جی آپریشن کو آج دن دو بجے ملا تھا، ڈی آئی جی آپریشن افضال کوثر نے دو تین گھنٹے میں راستے کھولنے کا وعدہ کیا تھا‘۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عدالت نے جلسے کی اجازت دی ہے، مگر اسکی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، ابھی میں آرام سے بات کر رہا ہوں ورنہ سب جانتے ہیں میں ڈرنے والا نہیں ہوں، پورے ملک سے لوگ عمران خانے کو سننے لوگ آرہے ہیں۔