لاہور(اُمت نیوز)وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستانیوں کو ابدی غلامی کی زنجیریں پہنانا چاہتے ہیں۔
سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر خواجہ سعد رفیق نے لکھا ہے کہ 2018ء میں عمرانی حکومت مسلط نہ کی جاتی تو پاکستان دنیا کی ابھرتی معیشت بن گیا ہو تا، تمہاری 4 سال کی حکمرانی نے معاشی بنیادیں ہلا دیں۔
انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تمہاری 4 سال کی حکمرانی سے ملکی سالمیت کو شدید خطرات لاحق ہو گئے، عمران حکومت نے اپنی نالائقی سے پاکستانیوں کو غیر ملکی قرضوں کے ریکارڈ بوجھ تلے دبا دیا۔ اقتدار کے لیے فاشسٹ عمران خان شیاطین سے بھی اتحاد کر لیتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے لکھا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے سابقہ منظورِ نظر عمران خان اب اینٹی پاکستان طاقتوں کے لیے بطور مہرہ استعمال ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی خفیہ فارن فنڈنگ پاکستان کے قومی مفادات کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، شخصی اقتدار کے لیے عمران خان پاکستانیوں کو ابدی غلامی کی زنجیریں پہنانا چاہتے ہیں۔