لاہور: چیف آرگنائزرمسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاست سہولتکاروں کے اردگرد گھومتی ہے، ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، ہم الیکٹ ہو کرآتے ہیں،سلیکٹ ہوکرنہیں۔
لاہور میں لائرز ونگ کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی چیف آگنائزر مریم نواز کا کہنا تھا کہ وکلا مسلم لیگ ن کا ہراول دستہ ہے، نوازشریف نے“ووٹ کو عزت دو“کا بیانیہ دیا، اور وکلا نے اس بیانیے کو آگے بڑھایا، لائرز ونگ نے قانون اور آئین کیلئے آواز بلند کی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، ہم الیکٹ ہو کر آتے ہیں سلیکٹ ہوکرنہیں، ایک شخص کی سیاست بیساکھیوں کے گرد گھومتی ہے، جسے عدلیہ نے بلایا اور وہ پیش نہیں ہوا، کبھی پلسٹراور کبھی جان کو خطرہ ہے کا بہانہ کیا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ نوازشریف کے مقابلے میں اسے کسی نے انگلی بھی نہیں لگائی، نوازشریف کے ساتھ ناانصافیاں ہوئیں، انہیں بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا،ایک شخص کو 12،12مقدمات میں 5 منٹ میں ضمانت مل جاتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ان کی اہلیہ کی توشہ خانہ سے متعلق آڈیوز بھی سامنے آئیں، توشہ خانہ کے تحائف بیچنے کے بعد رقم جمع کروائی گئی، اور جب اس کیس میں پولیس عدالتی احکامات کی تکمیل کیلیےجاتی ہے تو حملہ ہوتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلیےانتخابات بہت ضروری ہیں، ہم الیکشن سے فرار نہیں چاہتے، ہم الیکشن لڑیں گے بھی اور جیتیں گے بھی، آئین توڑنے والے پر آرٹیکل 6 لگتا ہے، پرویز الہی اسمبلی توڑنا ہی نہیں چاہتے تھے، ملک میں انارکی پھیلانے کیلیے اسمبلیاں توڑی گئیں۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن ہوگا تو آدھے ملک میں نگراں حکومت ہوگی، پنجاب اور کے پی کا الیکشن الگ کرنا کیا آئین کی خلاف ورزی نہیں، ریاست ایک شخص کے کہنے پر نہیں چل سکتی، ریاست کو اس شخص کو پوری قوت سے روکنا ہوگا ورنہ ملک غلط ہاتھوں میں چلا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے 0-5 کے تناسب سے عمران خان کو آئین توڑنے والا کہا، حکومت کو عمران خان کو سزا دلوانے کیلیے عدالت سے رجوع کرنا چاہیے، آئین توڑنے پر پیٹیشن فائل نہ کرنا حکومت کی کمزوری ہے۔ دیر نہیں ہوئی آئین توڑنے پر پٹیشن فائل ہونی چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کا پنجاب میں تنظیم کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ہے۔ توشہ خانہ سے تحفے سب نے لئے مگر عمران خان نے چوری کی۔عمران خان کو پتہ ہے مقدمات سچے ہیں اس لئے وہ عدالتوں سے بھاگ رہے ہیں۔ عمران خان نے توشہ خانہ سے تحفے پہلے لیے، معمولی ادائیگی بعد میں کی۔
انہوں نے کہا کہ لائرز ونگ ن لیگ کا ہراول دستہ ہے، لائرز ونگ استقامت سے قدموں پر کھڑا ہے، اسے مستحکم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ نوازشریف نے ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ دیا، الیکشن کیلئے تیار ہیں تاہم لیول پلئینگ فیلڈ چاہتے ہیں۔الیکشن لڑیں گے اور ضرور جیتیں گے۔