رانا ثنا ءاللہ کو گرفتار کرکے 28 مارچ کو پیش کیا جائے ۔فائل فوٹو
رانا ثنا ءاللہ کو گرفتار کرکے 28 مارچ کو پیش کیا جائے ۔فائل فوٹو

اظہرمشوانی عمران خان کے پاس ہی ہیں،راناثنااللہ کا دعویٰ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللّٰہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اظہر مشوانی عمران خان کے پاس ہی ہیں۔

نجی ٹی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ  معاملات پوائنٹ آف نو ریٹرن سے بہت آگے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کو دشمنی میں بدل دیا ہے، یہ ایک فتنہ ہے ووٹ کی طاقت سے اس کا خاتمہ کیا جانا چاہئے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی پر عمران نے کہا کہ تم واپس آؤ، تمہیں نہیں پتا میں تمہارے ساتھ کیا کروں گا۔اگر عمران دشمنی کرے گا تو ہم بھی اس کے ساتھ ایسا ہی کریں گے، عمران خان مرنے مارنے سے آگے کوئی بات ہی نہیں کرتا

رانا ثنااللّٰہ نے کہا کہ ہم نے بھی پھر ہاتھوں میں چوڑیاں نہیں پہنی ہوئیں، دروازے انہوں نے بند کیے اس کے بعد ہی ہماری طرف سے دروازے بند ہوئے۔ عمران خان نے وزیرآباد قاتلانہ حملے کا مقدمہ ہمارے خلاف درج کرانے کی کوشش کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے وجود کی نفی کےلیے اس نے اپنے دور میں غیر جمہوری حربہ اپنایا، ہم نے انہیں چارٹر آف اکانومی کی دعوت دی لیکن آگے سے گالیاں دی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میرا اس سے اختلاف ہی اس بات پرہوا کہ یہ سمجھتا تھا ملک کا مسئلہ اپوزیشن ہے۔