عمران خان کومزید2مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کا نوٹس

اسلام آباد(امت نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان و دیگر رہنماؤں کو جوڈیشل کمپلیکس پرحملہ کے دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج دو مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کے لیے پولیس نے نوٹس جاری کردیے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو تھانہ سی ٹی ڈی اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی ایکٹ و دیگر دفعات کے تحت درج مقدمہ نمبر 3  میں شامل تفتیش ہونے کے لیے  نوٹس جاری کردیا گیا۔ نوٹس تھانہ سی ٹی ڈی کے ایس ایچ او انسپکٹر اشرف کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

اسی مقدمے میں علی امین گنڈا پور، علی نوازاعوان، مراد سعید،  شبلی فراز، عمر ایوب، عامر کیانی، اسد عمر،حماد اظہر، امجد نیازی،  ڈاکڑ شہزاد وسیم، اسد قیصر، راجہ خرم نواز، فرخ حبیب، جمشید مغل اور سی ایس او عمران خان لیفٹینٹ کرنل ر محمد عاصم کو بھی طلب کیا گیا ہے

چیئرمین تحریک انصاف کوتھانہ گولڑہ کے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمہ نمبر143  میں بھی فوری شامل تفتیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

اسی مقدمے میں جن دیگر رہنماؤں کو شامل تفتیش ہونے کے لیے طلب کیا گیا ہے ان میں اسد عمر، علی نوازاعوان، جمشید مغل،ملک ساجد، عامر مغل، خان بہادر، چوہدری ناصر اسد فاروق اور تنویر قاضی شامل ہیں۔

دونوں مقدمات کے نوٹسز میں رہنماؤں سے کہا گیا یے کہ جلد از جلد دونوں مقدمات میں پیش ہو کر اپنا موقف پیش کریں بصورت دیگر آپ کے خلاف حسب ضابطہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔