تنگوانی(نامہ نگار) سول اسپتال کندھ کوٹ میں سہولیات کا فقدان،حادثے میں زخمی نوجوان طبی امداد نہ ملنے کے باعث چل بسا۔تفصیلات کے مطابق کندھ کوٹ ڈپٹی کمشنر کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، سول اسپتال میں سہولیات کا فقدان ہے، رات گئے ٹریکٹر اور موٹر سائیکل کی ٹکر میں زخمی ہونے والا نوجوان بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث جاں بحق ہوگیا، نوجوان کے ورثا نے بتایا کہ اسپتال میں کوئی بھی سہولت نہیں ایمرجنسی میں ہمارے نوجوان نے تڑپ تڑپ کر دم توڑ دیا، ورثا نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر اسپتال میں آکر چکر لگانے کے بعد اپنی تصاویر کھینچ کے سوشل میڈیا کی زینت بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کسی کام کے نہیں ہیں،شہر کی حالت مخدوش ہو چکی ہے، ہر طرف گندگی پھیلی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر نے رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے،گزشتہ 12برس سے ڈپٹی کمشنر کو بااثر وڈیرے نے کندھ کوٹ میں رکھا ہوا ہے کیونکہ وہ ان کی کمائی کا ذریعہ ہے، انہوں نے کہا کہ کرپٹ ڈپٹی کمشنر کے خلاف نیب اینٹی کرپشن اور دیگر اعلی حکام نوٹس لے کر کاروائی کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 2010 سیلاب 2012 کی برساتی فلڈ 2022 کی برسات فلیڈ میں اربوں روپئے کی کرپشن کی گئی ہے۔اہل علاقہ نے حکومت سندھ اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر کندھ کوٹ کا نام ای سی ایل میں ڈال کر ان کیخلاف جانچ شروع کی جائے۔