لاہور(امت نیوز)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد اور جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کیلئے زمان پارک سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئے۔
پی ٹی آئی لیگل ٹیم کا کہنا ہے کہ عمران خان آج لاہور سے اسلام آباد ہائیکورٹ آئیں گے اور پانچوں مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں دائر کریں گے۔لاہور ہائیکورٹ نے آج (27 مارچ) تک کے لئے پانچوں کیسز میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف پانچ مقدمات جوڈیشل کمپلیکس، ہائیکورٹ اورشہر کے دیگر حصوں میں ہنگامی آرائی پردہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیے گئے تھے۔
دوسری جانب اسلام آباد کیپٹیل پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کی عدالتی پیشی کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں، عدالتی احکامات کی روشنی میں ہی سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
اسلام آباد پولیس نے کہاکہ احاطہ عدالت میں صرف متعلقہ اشخاص کو داخلے کی اجازت ہوتی ہے، اگر ماضی کا طرز عمل اپنایا گیا تو بلاتفریق قانونی طریقہ کار استعمال کیا جائے گا، قانون کی مکمل عملداری برابری کی سطح پر عمل میں لائی جائے گی۔