عمران کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پرسماعت کل تک ملتوی

اسلام آباد (امت  نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر وکلاء کی جانب سے عدالت پہنچنے میں دشواری کی شکایت کی، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ میں بھی اسی طرح آیا ہوں، آپ کے پارٹی لیڈر آ رہے ہیں، انہی کے لیے سکیورٹی لگائی ہوئی ہے۔

وکیل فیصل فرید نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے گزشتہ روز کے بیان کی کاپی عدالت کے سامنے پیش کی اور کہا کہ صورت حال یہ ہے یہاں پر ضمانت کرا کے نکلتے ہیں تو فیک ایف آئی آر میں اٹھا لیا جاتا ہے۔

دوران سماعت اسٹیٹ کونسل اور وفاق کی جانب سے معلومات فراہمی کے لیے مہلت کی استدعا کردی گئی۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا کہ عمران خان کے خلاف کتنے کیسز اسلام آباد میں زیر التوا ہیں، کل تک آگاہ کریں۔