لاہور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تقرری کیخلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، عدالت نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کیخلاف درخواست مسترد کردی۔
اہور ہائیکورٹ میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی سے متعلق شیخ رشید کی درخواست پر سماعت ہوئی، وکیل وفاقی حکومت نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعلیٰ کے متعدد فیصلوں پر عملدرآمد روکا، نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کا حتمی اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔
عدالت نے کہاکہ الیکشن کمیشن نیوٹرل اور خودمختار ہے تو کوئی نگران وزیراعلیٰ کچھ نہیں کر سکتا، فریقین کسی ایک نام پر اتفاق کر لیتے تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جاتا ہی نہ۔
عدالت نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا،جسٹس شاہد کریم نے شیخ رشید کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
وقفے کے بعد عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کیخلاف درخواست مسترد کردی۔عدالت نے کہاکہ الیکشن کمیشن کا محسن نقوی کی نگران وزیراعلیٰ تقرری کا فیصلہ درست تھا،الیکشن کمیشن نے آئین اور قانون کے تحت فیصلہ کیا، الیکشن کمیشن کے پاس نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کا مکمل اختیار ہے۔