کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان یا تو خود کو قتل کرانا چاہتے ہیں یا مخالفین کو ۔ جب عمران خان کی سیاست یہی ہے تو پھر کیا ہم چھوڑ کر بھاگ جائیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں ان کا کہنا تھا کہ جس نے اس فتنہ و فساد کی بنیاد رکھی ہے اس کا احتساب کریں۔ باجوہ صاحب کا کردار دنیا کے سامنے ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ہمارا مطالبہ فُل کورٹ کا ہے جو بیٹھ کر فیصلہ کرے۔ فُل کورٹ دیکھے کہ اسمبلیاں قانونی طریقے سے ختم ہوئیں یا ایک شخص کی انا کی وجہ سے ٹوٹیں
انہوں نے کہاکہ ایک آدمی ہر وقت کہتا ہے کہ میں ان کو چھوڑوں گا نہیں تو میں اپنے بیان پر قائم ہوں کہ پھر ہم اسے نہیں چھوڑیں گے یا وہ ہمیں نہیں چھوڑے گا۔
انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ اگر وہ اپنا رویہ نہیں بدلے گا تو پھر میں تو یہ بات کہنے سے قاصر ہوں کہ ہم اس کے سامنے جھک جائیں۔ اینٹ کا جواب پتھر سے دینا ہو گا۔