راولپنڈی میں خاتون کو قتل کرکے ٹکڑے کرنےوالا ملزم گرفتار

راولپنڈی( اسٹاف رپورٹر ) راولپنڈی کے علاقے گنج منڈی سے خاتون کے اندھے قتل کا معمہ ایک ہفتے میں حل کرلیا گیا۔پولیس نے قتل کے بعد لاش کے ٹکڑے کر کے پھینکنے والے درندہ صفت سفاک ملزم ٹیپو میر کو گرفتار کرلیا۔مقتولہ کی شناخت حنا اکبر کے نام سے ہوئی جو واہ کینٹ سے لاپتہ تھیں،خاتون کے اغوا کا مقدمہ تھانہ واہ کینٹ میں 17 مارچ کو درج کیا گیا تھا
واہ کینٹ میں درج مقدمہ کی تفتیش کے دوران ملزم کو شامل تفتیش کیا گیا، پولیس کی تفتیش کے دوران ملزم ٹیپو میر نے مقتولہ حنا کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا،
ملزم کی گزشتہ کچھ سالوں سے مقتولہ سے بات چیت تھی، وقوعہ کے روز مقتولہ سے بحث مباحثہ کے دوران ملزم نے بیلچے سے قتل کر دیا، سفاک ملزم نے قتل کے بعد لاش کے ٹکڑے کئے جنہیں مختلف علاقوں میں پھینکتا رہا،
سفاکانہ قتل کی لرزہ خیز واردات میں ملزم کے انکشاف کے بعد مزید تفتیش جاری ہے، لاش کے مختلف علاقوں میں پھینکے گئے ٹکڑے اور دیگر شواہد کی تلاش کی جا رہی ہے،
لاش کے برآمد شدہ ٹکڑوں کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کروایا جا رہا ہے، ایس ایس پی انوسٹی گیشن زنیرہ اظفر کا کہنا تھاکہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے سفاکانہ قتل کی قرارواقعی سزا دلوائی جائے گی،اندھے قتل کو چند دنوں میں ٹریس کر کے ملزم کی گرفتاری پر سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن زنیرہ اظفر، ایس پی پوٹھوہار محمد وقاص خان، اے ایس پی ٹیکسلا اور واہ کینٹ پولیس کو شاباش دی