پاکستانی نژاد حمزہ یوسف ا سکاٹ لینڈ کا اگلا صدر بننے کی دوڑ جیت گئے

لندن(امت نیوز)برطانوی سیاست کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستانی نژاد حمزہ یوسف اسکاٹ لینڈ کے پہلے مسلمان سربراہ (فرسٹ منسٹر)منتخب ہوگئے ہیں۔

سخت مقابلے کے بعد نکولا سٹرجن کی جگہ اسکاٹش نیشنل پارٹی کے نئے سربراہ منتخب ہو نے والے حمزہ یوسف کو آزادی حاصل کرنے کی کوشش میں سکاٹش نیشنل پارٹی کو متحد کرنے کی مشکل کا سامناہے 37 سالہ حمزہ یوسف برطانوی سیاسی جماعت کے پہلے مسلمان اور پاکستانی نژاد لیڈر بن گئے ہیں۔

خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حمزہ یوسف نے پارٹی الیکشن میں اپنے حریفوں کیٹ فوربز اوراش ریگن کوشکست دی جس کے بعد جماعت میں پائی جانے والی تقسیم واضح ہوگئی ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے وزیرصحت حمزہ یوسف کو نکولا سٹورجین کا پسندیدہ جانشین سمجھاجاتا ہے۔

حمزہ اسکاٹش پارلیمنٹ سے 28 مارچ کو اعتماد کا ووٹ لیں گے جس کے بعد وہ باضابطہ طور پر فرسٹ منسٹر بن جائیں گے۔سال 2011 میں 26 سال کی عمر میں اسکاٹش پارلیمنٹ کا رکن بننے والے حمزہ یوسف کو کم عمرترین رکن پارلیمنٹ ہونے کا اعزازحاصل ہے۔ وہ اسکاٹش کابینہ میں وزیرانصاف اورٹرانسپورٹ بھی رہ چکے ہیں۔

پہلی باررکن پارلیمنٹ بنننے پر حمزہ یوسف نے اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں حلف اٹھایا تھا۔