لاہور(امت نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کی عبوری ضمانت مسترد کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی عبوری ضمانت عدم پیروی کی بنیاد پر مسترد کردی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ملزمان شامل تفتیش ہوگئے ہیں؟ جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ابھی تک ملزمان شامل تفتیش نہیں ہوئے، ان مقدمات پر جے آئی ٹی بن گئی ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے کہا کہ ابھی جے آئی ٹی بنی ہی نہیں آپ جاکر شامل تفتیش ہوں۔
عدالت نے زبیر خان نیازی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اسلم اقبال اور دیگر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے 3 شریک ملزمان کی عبوری ضمانت میں 7 مارچ تک توسیع کردی جبکہ پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر کی حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کےخلاف شادمان پولیس نے توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کیا تھا۔