لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ساہیوال میں مفت آٹا سینٹر پر بھگدڑ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے خاتون کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی نے ڈی آئی جی اسپیشل برانچ کو افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے جائیں اور غفلت کے ذمے داروں کا تعین کیا جائے۔جہاں بھی غفلت سامنے آئی،بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ واقعہ میں زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔محسن نقوی نے کہا کہ ایک ایک انسانی جان قیمتی ہے۔سینٹرز پر ایسے انتظامات کیے جائیں جن سے دھکم پیل نہ ہو اور شہری قطاروں میں آٹا حاصل کرسکیں۔ تمام سینٹرز پر انتظامات کو فول پروف بنایا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کے تدارک کیلیے اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ کمشنرز،آرپی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز اپنے شہروں میں سینٹرزکے انتظامات کا از سر نو جائزہ لیں۔محسن نقوی نے بھگدڑ سے خاتون کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔