لاہور(امت نیوز)سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اپنے مفاد کیلئے معزز ججوں کو بدنام کر رہی ہے۔، تکنیکی امور پراداروں میں اختلاف رائے ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں
لاہور میں سابق ارکان اسمبلی اور سینئر وکلا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے پرویزالہٰی نے کہا کہ مسلم لیگ ن عدلیہ اور ججوں کے خلاف منظم سازشوں سے باز رہے ۔مسلم لیگ ن اپنے مفاد کیلئے معزز ججوں کو بدنام کر رہی ہے، وزیراعظم عدلیہ پر تنقید کرنے سے پہلے اپنا ماضی کیوں بھول جاتے ہیں، یہ وہی شہباز شریف ہیں جو فون کرکے ججوں سے اپنی مرضی کے فیصلے کرواتے رہے ہیں۔
پی ٹی آئی صدر نے مزید کہا کہ آئین کی بالادستی اور تحفظ پر عدلیہ میں کوئی اختلاف نہیں، تکنیکی امور پراداروں میں اختلاف رائے ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں، سب جج صاحبان یکساں طور پر قابل احترام اور آئین کے محافظ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سفاک حکمرانوں نے سانحہ 25 مئی کی طرح نیا تماشا لگا رکھا ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرکے پورے پاکستان کی جیلوں کی سیر کروائی جا رہی ہے