کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ملیر سٹی میں گزشتہ روز بیٹری کی دکان میں واردات کے دوران دکاندار کی فائرنگ سے ہلاک ڈکیت محمد نواز کے بھانجے امتیاز کو زخمی حالت میں جناح اسپتال سے گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی ایس پی ملیر سٹی سید شاکر علی کے مطابق گزشتہ روز بیٹری کی دکان پر پانچ ڈاکو آئے تھے،واردات کے لیے دو ملزمان دکان میں گئے ،ایک ملزم دکاندار کی فائرنگ سے مارا گیا گیا تھا،
انہوں نے بتایا کہ دکاندار کی فائرنگ سے مرنے والے ڈاکو نواز کا بھانجا امتیاز بھی زخمی ہوا تھا،زخمی ملزم امتیاز گزشتہ روز اورنگزیب اسپتال قائد آباد پہنچا ،ملزم امتیاز نے بتایا کہ وہ شاہ لطیف ٹاون تھانے کی حدود کوہی گوٹھ میں زخمی ہوا ،
زخمی ملزم امتیاز نے بتایا کہ ڈاکووں نے کوہی گوٹھ میں اس سے موٹر سائیکل اور نقدی چھینی اور مزاحمت پر گولی ماری ،پولیس کے مطابق انٹری آنے پرپولیس اورنگزیب اسپتال پہنچی تو زخمی امتیاز جناح اسپتال پہنچ گیا،پولیس جناح اسپتال پہنچی تو پتہ چلا کہ ملزم کو کمر پر گولی لگی ہے لیکن قمیض پر گولی کا سوراخ نہیں تھا ،
پولیس نے بتایا کہ ملیر سٹی میں واقع بیٹری کی دکان پرواقعہ چاربجے کے آس پاس ہوا تھا جبکہ زخمی امتیاز نے بتایا کہ اسے دن ڈھائی بجے کے قریب ڈاکوؤں نے گولی ماری ، پولیس نے تلاش ایپ کی مدد سے زخمی امتیاز کا ریکارڈ چیک کیا تو پتہ چلا ملزم کےخلاف پانچ مقدمات شاہ لطیف ٹاون تھانےمیں درج ہیں ،دکاندار کی فائرنگ سے مارے جانے والا محمد نواز بھی شاہ لطیف ٹاون پولیس کو مطلوب تھا اور ماموں بھانجے ایک ساتھ گرفتار ہوچکےہیں۔ملزم سے مزید تفتیش اور اسکے باقی ساتھیوں کی تلاش جاری ہے