کراچی(امت نیوز)شہر میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا سوئی سدرن گیس نےکراچی میں سحروافطار میں بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع کردی ہے۔سوئی گیس حکام کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ شہری لکڑیاں جلاکر کھانا پکانے پر مجبور ہیں۔کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس نے نہ ہونے کی وجہ سے خواتین کیلئے سحری بنانا بھی امتحان بن گیا ہے، کہیں گیس پریشر میں کمی، کہیں گیس غائب تھی۔ماہ رمضان کی پہلی سحری پر گیس نہ ہونے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا پڑا ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے رمضان المبارک میں سحر و افطار کی تیاری کے اوقات میں گیس کی فراہمی یقینی بنانے کا اعلان کیا تھا۔ گیس کی عدم فراہمی سے مختلف علاقوں میں عوام سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے، کئی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے اعلان پر بھی عمل درآمد نہیں ہورہا ہے،شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقوں میں گیس کی فراہمی کے اوقات میں بھی گیس کی سپلائی معطل رہتی ہے، اگر گیس آتی بھی ہے تو اس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے، کراچی میں گیس ناپید ہوگئی اور گھریلو صارفین کےچولہےٹھنڈے ہوگئے، سلینڈربیچنے والوں کی چاندی ہوگئی ہے، ماچس کی تیلیاں جلاجلا کر قوم عاجز آگئی،سوئی گیس دفاتر کے ملازمین عوام کی شکایت کا جواب بھی نہیں دے رہے ہیں،گیس کی قلت شہریوں کیلئے کڑا امتحان بن گئی گھریلو صارفین کو مہنگا سلینڈر خریدنا پڑ رہا ہے جس کے باعث تنخواہ دار اور دیہاڑی دار طبقہ سخت مشکلات کا شکار ہوگیا ہے۔ سحروافطار میں شہری باہر سے ہوٹلوں سے چائے، کھانا اور روٹیاں لانے پر مجبور دکھائی دے رہے ہیں۔