لاہور(امت نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق مشیر برائے زراعت عبدالحئی دستی کے گھر محکمہ اینٹی کرپشن نے چھاپہ مارا ہے۔ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالحئی دستی نے بتایا کہ میرے گھر پر چھاپا مارا گیا اور 15 کروڑ سے زائد رقم لے لی گئی۔ عبدالحئی دستی نے کہا کہ گھر سے 18 لاکھ درہم بھی برآمد ہوئے تھے
انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن کو 13 لاکھ روپے کی ٹریل دیدی ہے، 2 کروڑ 25 لاکھ مونس الہٰی نے امانتاً دئے تھے، مونس الہٰی کی واپسی پر رقم واپس کر دوں گا۔
سابق مشیر وزیر اعلی پنجاب اور پی ٹی آئی کے ایم پی اے عبدالحئی دستی کے گھر انٹی کرپشن پنجاب کے مبینہ چھاپے کے دوران برآمد ہونے والی کرنسی pic.twitter.com/u7uFAcTryf
— Umar Cheema (@UmarCheema1) February 28, 2023
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مونس الہٰی سے پوچھیں مجھے کیوں کروڑوں روپے امانتاً دئیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن امید ہے انصاف کرے گی۔ منی ٹریل دیدی ہے اور مطمئن ہوں۔
عبدالحئی دستی کا کہنا تھا کہ منی چینجرز کی رسیدیں ہیں، امید ہے اینٹی کرپشن مجھے پیسے واپس کر دے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریڈ کے بعد مونس الہٰی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جتنا جلدی ہو سکے مونس الہٰی جلد واپس آ جائیں اور رقم واپس لے لیں۔