پشاورسے کراچی اسلحہ اسمگل کرنےکی کوشش ناکام-2 ملزم گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرزاورپو لیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سکھربائی پاس کے قریب مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پشاور سے سکھر، مورو، حیدرآباد اور کراچی اسلحہ سپلائی کرنے والے 2 ملزمان مختیاراور خان پرویز کو گرفتار کر لیا۔ملزمان کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ و ایمونیشن کی بڑی کھیپ بھی برآمد کر لی گئی۔

ترجمان رینجرزکے مطابق ملزمان مسافرکوچ نمبرJC-0245پرکوچ کے مالک ثابت خان کے کہنے پر اسلحے کی بڑی کھیپ جس میں 4عدد.223 بور رائفل، ایک عدد8ایم ایم رائفل،ایک عدد کلاشنکوف ،19عدد9ایم ایم پستول، 5عدد30بورپستول، ایک ہزار گولیاں اور مختلف ہتھیاروں کی 28عدد میگزین شامل ہیں پشاور سے سکھر، مورو، حیدر آباد اور کراچی میں سپلائی کر رہے تھے۔

مشترکہ کاروائی میں کوچ اور اس سے برآمد اسلحہ تحویل میں لے لیا گیا۔ اسلحہ کوچ کے خفیہ خانوں میں بڑی مہارت سے چھپایا گیا تھا۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رے ہیں۔گرفتارملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن اور کوچ مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔