اسلام آباد: عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خاتون جج دھمکی کیس میں جاری ناقابل ضمانت وارنٹ ایک روز کےلیے معطل کر دیے۔
گزشتہ روز اسلام آباد کی مقامی عدالت نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حاضری سے استثنا کی درخواست خارج کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے،عمران خان کو 18 اپریل کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کے فیصلے پر سیشن کورٹ میں نظرثانی اپیل پر سماعت ہوئی۔ عمران خان کے وکلا علی بخاری اور فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔
عمران خان کے وکیل علی بخاری نے توشہ خانہ کیس میں جاری وارنٹ کو معطل کرنے کا فیصلہ پڑھ کرسنایا، اور استدعا کی کہ عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ کومعطل کیا جائے۔
وکیل فیصل چوہدری نے مؤقف پیش کیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایڈیشنل سیشن جج کے تفصیلی آرڈر کے چند نکات کو نظر انداز کیا، عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ کو معطل کیا جائے۔
عدالت نےعمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کل تک معطل کر دیے،سیشن جج سکندر خان نے سماعت کل تک ملتوی کردی۔