اسلام آباد: پنجاب اور خیبرپختو نخوا کے انتخابات میں تاخیر سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلیے مقرر کر دیا گیا،چار رکنی بنچ آج ساڑھے 11 بجے سماعت کرے گا۔ اس حوالے سے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے گئے۔
عدالت عملے کے مطابق جسٹس امین الدین کی معذرت کے بعد پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلیے مقرر کردیا گیا۔ جسٹس امین الدین بنچ میں شامل نہیں ہوں گے ،عدالتی عملے نے کل کی سماعت کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا۔
قبل ازیں پنجاب اور خیبرپختو نخوا کے انتخابات میں تاخیر سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ ٹوٹ گیا تھا۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ سماعت کے لیے عدالت پہنچا تو چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ میرے ساتھی جج جسٹس امین الدین خان کچھ کہنا چاہتے ہیں۔
جسٹس امین الدین خان نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی اور کہا کہ گزشتہ روز کے فیصلے کے بعد اگر موجودہ بینچ کیس کاروائی چلانا چاہ رہا ہے تو میں کیس کو سننے سے معذرت کرتا ہوں۔ بینچ ٹوٹنے کے بعد جج کمرہ عدالت سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔