کراچی(اسٹاف رپورٹر) سابق سینئر ڈائرکٹر ہیلتھ کے ایم سی اینڈ پبلک ہیلتھ ڈاکٹر بیربل لیاری ایکسپریس وے کے قریب قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے جبکہ واقعے میں ڈاکٹر بیربل کی اسٹنٹ ڈاکٹر قرۃ العین زخمی ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لیاری ایکسپریس وے گارڈن انٹرچینج کے قریب گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور خاتون زخمی ہوئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک شخص کی شناخت ڈاکٹر بیربل گینانی کےنام سےکی گئی ہے۔ ڈاکٹر بیربل آئی اسپیشلسٹ تھے اور سابق سینیئر ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کےایم سی) تھے۔ واقعے میں ڈاکٹر بیربل کی اسسٹنٹ ڈاکٹر قراۃ العین زخمی ہوئیں۔
ڈاکٹر بیربل گینانی اسپنسر آئی اسپتال لیاری کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ بھی رہے۔ وہ ڈیڑھ برس قبل ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ سٹی گورنمنٹ کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے تھے۔
مقتول ڈاکٹر بیربل نے حال ہی میں اپنی بیٹی کے ساتھ ماسٹرز ان پبلک ہیلتھ کی ڈگری بھی حاصل کی تھی۔ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر بیربل گینانی کی ٹارگٹ کلنگ کی واردات ایسے مقام پر ہوئی جہاں دو تھانوں (گارڈن اور سولجر بازار پولیس اسٹیشن) کی حدود لگتی ہے۔ گارڈن میں فائرنگ کے بعد کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔ ویڈیو میں فائرنگ کے بعد ڈاکٹر بیربل کی کار کو بےقابو چلتے دیکھا جاسکتا ہے، اور گاڑی کچھ دیرچلنے کے بعد دیوار سے ٹکر اکر رک جاتی ہے۔ گاڑی رکنے کے بعد شہریوں کو گاڑی کے گرد جمع ہوتے دیکھا جاسکتاہے۔