اسلام آباد: پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات میں التوا سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کا چار رکںی بینچ ٹوٹنے کے بعد اب تین رکنی نیا بینچ تشکیل دے دیا گیا جو نماز جمعہ کے وقفے کے بعد 2بجے سماعت کرے گا،۔بینچ میں چیف جسٹس عمرعطا بندیال، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔
سماعت شروع ہونے سے قبل چیف جسٹس نے کہا کہ مسٹر اٹارنی جنرل اس سے پہلے آپ کچھ کہیں جسٹس جمال خان مندو خیل کچھ کہنا چاہتے ہیں، جسٹس جمال خان مندو خیل بینچ کا حصہ نہیں رہنا چاہتے جبکہ کل جسٹس جمال خان مندو خیل بینچ میں شامل ہونے پر رضامند تھے۔
قبل ازیں سپریم کورٹ کے تشکیل دیے گئے بینچ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل تھے جبکہ سپریم کورٹ نے باقاعدہ کیس کی کاز لسٹ بھی جاری کی تھی۔
بینچ کی تشکیل کے بعد جسٹس جمال خان مندو خیل کا اختلافی نوٹ بھی سامنے آیا تھا جس میں کہا گیا کہ عدالتی حکمنامہ کورٹ میں نہیں لکھوایا گیا اور مجھ سے حکمنامے پر مشاورت بھی نہیں کی گئی، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کو عدالت میں زیر توجہ لانے کی ضرورت ہے۔