حمزہ یوسف میاں چنوں سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں،فائل فوٹو
حمزہ یوسف میاں چنوں سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں،فائل فوٹو

اسکاٹ لینڈ کے مسلمان سربراہ میاں چنوں کی برفی کے دلدادہ نکلے

میاں چنوں : اسکاٹ لینڈ کے پہلے مسلمان پاکستانی نژاد فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کے آبائی شہر میاں چنوں کے شہریوں اور وہاں موجود ان کے عزیز و اقارب نے بھی حمزہ سے کافی امیدیں وابستہ کررکھی ہیں۔ خود حمزہ کو اپنے آبائی علاقے کی برفی بہت پسند ہے۔

جنوبی پنجاب کی ضلع خانیوال کی تحصیل میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے خاندان کے سربراہ حمزہ کے دادا محمد یوسف تھے، عزیز واقارب کے مطابق وہ تقسیم کے وقت میاں چنوں کے مرکزی بازار میں واقع چھوٹے سے گھر میں آباد ہوئے تھے اور پھر روزگار کیلیے اسکاٹ لینڈ چلے گئے۔

حمزہ یوسف کے آبائی علاقے میں موجود ان کے عزیزو اقارب اورعام شہریوں سے تفصیلات معلوم کیں جنہوں نے بتایا کہ حمزہ کے خاندان کے آبائی گھر میں اب کوئی نہیں رہتا، بوسیدہ عمارت صرف نشانی کے طور پر ہی موجود ہے اور ملکیت بھی کسی اور کی ہے۔ حمزہ یوسف10 سال قبل رشتہ داروں کے ہاں شادی میں شرکت کی خاطر میاں چنوں آئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ حمزہ یوسف میاں چنوں سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور انہیں اپنے شہر کی برفی بہت پسند ہے، اسی لیے یہاں سے جانے والوں سے وہ پہلے یہ پوچھتے ہیں کہ ’برفی لائے ہیں؟‘۔