کراچی میں راشن تقسیم کےدوران جاں افراد کی تعداد 11 ہوگئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں سائٹ ایریا کی فیکٹری کے باہر راشن کی تقسیم کےدوران بھگدڑ مچنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی ۔جاں بحق ہونے والوں میں 8خواتین اور3بچے شامل ہیں

قائم مقام ایس پی سائٹ مغیث ہاشمی نے بتایا کہ ڈائنگ فیکٹری میں راشن یا زکوٰۃ تقسیم کے حوالے سے پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ڈپٹی کمشنر آفس اور پولیس کوپیشگی  اطلاع نہ دینے پر 7 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے

انہوں نے بتایا کہ موقع سے گیس اخراج یا سلنڈر دھماکے کے شواہد نہیں ملے۔بھگدڑ مچی تو ایک پائپ لائن متاثر ہوئی

چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔ انہوں نے کمشنر کراچی اور سیکریٹری انڈسٹریز سے واقعے  کی رپورٹ بھی طلب کرلی

چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ  ذمہ داروں کا تعین کیا جائے، جہاں بھی غفلت سامنے آئی ایکشن لیا جائے گا

ڈی سی کیماڑی مختیار علی ابڑو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اس طرح کے افسوسناک واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں۔یہاں ڈائنگ فیکٹری انتظامیہ مستحقین میں راشن او نقدی تقسیم کررہی تھی۔اس طرح کا پروگرام منعقد کرنے سے قبل پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کرنا اور اجازت لینا ضروری ہوتا ہے۔فیکٹری انتظامیہ نے کوئی اطلاع نہیں دی تھی، یہ خلاف قانون عمل ہے

انہوں نےکہا کہ فیکٹری مالک عمرے کی ادائیگی پر گیا ہوا ہے، واپس آنے پر شامل تفتیش کیا جائے گا۔فیکٹری ملازمین سمیت 7 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔مزید معلومات حاصل کررہے ہیں اور فیکٹری کو سیل کردیا گیا ہے