عدالتی حکم میں لاہور میں کاروباری اوقات کار تبدیل

لاہور(امت نیوز)ہائیکورٹ کے حکم پر لاہور میں رمضان المبارک کے دوران کاروباری اوقات کار تبدیل کردیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے عدالت عالیہ کے احکامات پر شہر میں ماہ رمضان کے دوران کاروباری اوقات میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس کو افطار سے صبح 6 بجے تک کھلے رہنے کی اجازت ہوگی، بیکریاں رمضان میں شب 1 بجے تک کھولی جا سکتی ہیں جبکہ عید کے تینوں ایام میں بھی بیکریاں ایک بجے کھلی رکھی جاسکیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسپتال، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، دودھ کی دکانیں اور تندور ان اوقات کار سے مستثنی ہوں گے پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور پنکچر شاپس کو بھی استشنی حاصل ہوگا۔
ڈی سی لاہورکے مطابق ماہ صیام کے بعد سابقہ اوقات کار کے مطابق پابندیاں برقرار رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسموگ کے باعث نافذالعمل قوانین شہریوں کی سہولت کے لیے ہیں۔