نیشنل ہائی وے پر ٹریفک حادثہ،میاں بیوی سمیت 3افراد جاں بحق

کراچی (امت نیوز)نیشنل ہائی وے سیسی ٹول پلازہ کے قریب مسافر وین اور ٹریلر کے درمیان تصادم میں میاں اور بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ نصف درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی وے لنک روڈ سیسی ٹول پلازہ کے قریب کراچی سے اندرون سندھ جانے والی مسافر وین اور ٹریلر کے درمیان تصادم کے نتیجے وین کا اگلا حصہ تباہ ہوگیا جس کے باعث اس میں سوار میاں بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ نصف درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی اداروں کے رضا کاروں نے موقع پر پہنچ کر مسافر وین میں پھنسی لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر جناح اسپتال پہنچایا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 40 سالہ حنا اس کے شوہر 45 سالہ شاہد اور 60 سالہ فاروق گل کے نام سے کی گئی
اسٹیل ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریلر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ہے