تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ اظہر مشوانی گھر پہنچ گئے

لاہور (امت نیوز) تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے ’گمشدہ‘ سربراہ اظہر مشوانی اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔
جمعے کو اپنی ایک ٹویٹ میں تحریک انصاف کے کارکن اظہر مشوانی نے لکھا کہ ’الحمدللہ میں ابھی بخیر و عافیت گھر واپس پہنچ چکا ہوں۔ ان آٹھ دنوں میں آپ کی دعاؤں، کاوشوں اور تعاون نے تاعمر کے لیے ہمیں مقروض کر دیا ہے۔ جزاک اللہ دعا ہے کہ ہمارے دیگر اسیر کارکنان بھی جلد اپنی فیملیز کے ساتھ افطاری کریں۔

ایف آئی آر میں اظہر مشوانی کے بھائی مظہر الحسن نے موقف اختیار کیا کہ ’جمعرات کو دن پونے تین بجے اظہر قاضی کریم ٹیکسی پر اپنے گھر ٹاؤن شپ سے زمان پارک کے لیے نکلا اور پھر تھوڑی دیر بعد اس کا نمبر بند ہو گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اس کے بعد کوشش کے باوجود اظہر قاضی کا کوئی پتا نہ چل سکا۔ سائل کو قومی شبہ ہے کہ اظہر قاضی کو نامعلوم اشخاص نے جانی نقصان کی خاطر اغوا کر لیا ہے۔‘
سوشل میڈیا پر انتہائی متحرک اظہر مشوانی کا نمبر جمعے کو مختلف واٹس ایپ گروپس سے اچانک نکلنا شروع ہو گیا اور بعد میں ان کا واٹس ایپ نمبر بھی ڈی ایکٹیویٹ ہو گیا تھا۔
ان کی اہلیہ نے چیف جسٹس آف پاکستان کو ایک خط لکھا تھا جس میں ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی گئی تھی۔