پی پی کے انتظام سنبھالنے کے بعد کراچی واٹر بورڈ بحران کا شکار

کراچی (امت نیوز) وزیر اعلی سندھ نے واٹر بورڈ کی ریکوری میں بدترین کمی اور بحرانی کیفیت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ سید صلاح الدین سے پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ڈبلو ایس ایس آئی پی کا اضافی چارج واپس لیکر تمام تر توجہ واٹر بورڈ کے معاملات پر مرکوز کرنے کی ہدایت کردی ہے جبکہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ڈبلو ایس ایس آئی پی کے عہدے پر گریڈ19 کے افسر رفیق قریشی کو تعینات کردیا ہے۔
سندھ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر سید صلاح الدین کے پاس ڈبلو ایس ایس آئی پی کا اضافی چارج بھی ہونے کے باعث وہ واٹر بورڈ کے معاملات پر بھرپور توجہ مرکوز نہیں رکھ پارہے تھے جس کے باعث واٹر بورڈ کے مختلف محکموں جس میں بلخصوص محکمہ آر آر جی کے افسران کی من مانیاں عروج پر پہنچ چکی تھیں اور ادارے کی ریکوری کو بری طرح سے نقصان پہنچ رہا تھا۔
اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز ذرائع ابلاغ میں کی گئی نشاندہی کا وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سختی سے نوٹس لیا ہے،دوسری طرف پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ڈبلو ایس ایس آئی پی کے عہدے پر تعینات کئے جانے والے سینئر افسر رفیق قریشی اس سے قبل ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر فنانس کے عہدے پر تعینات تھے
واٹر بورڈ کے سینئر افسران نے حکومت سندھ کے مذکورہ فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ڈی واٹر بورڈ سید صلاح الدین اب بہتر انداز میں محکمے کے معاملات پر توجہ دے سکیں گے جس کے باعث واٹر بورڈ کا انتظامی اور مالی بحران ختم ہونے کا امکان ہے جبکہ محکمہ آر آر جی سمیت دیگر محکموں کے افسران کی جانب سے کی جانے والی من مانیوں اور مبینہ لوٹ مارپرسخت کارروائی کا بھی امکان ہے۔