فلسطین: فٹبال فائنل میچ کے دوران اسرائیلی فورسز کی شیلنگ

مقبوضہ بیت المقدس(نیوز نیٹ ) فٹ بال میچ کے فائنل میچ کے دوران قابض اسرائیلی فورسز کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث کئی کھلاڑی اور فٹبال شائقین شدید متاثر ہوگئے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے انٹرنیشنل فتبال اسٹیڈیم میں فائنل میچ جاری تھا کہ صہیونی فورسز نے آنسو گیس کی شیلنگ کردی، جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی فٹبال کھلاڑی اور شائقین کا دم گھٹ گیا جب کہ کئی افراد کو سانس لینے میں دشواری پیش آئی۔

فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن (پی ایف اے) نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے مشرقی یروشلم کے قصبے الرام میں دحیات البرید اسٹریٹ میں فیصل الحسینی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کے اندر آنسو گیس کے گولے داغے۔ واقعے میں کئی فلسطینی فٹ بال کھلاڑیوں اور درجنوں شائقین بشمول بچوں کو گیس کی وجہ سے سانس لینے میں شدید مشکلات پیش آئیں اور میدان میں ہی ان کا علاج کیا گیا جبکہ تین افراد کو نازک حالت کے باعث ہسپتال لے جایا گیا۔

ترکی کے جنرل قونصل برائے فلسطین احمد رضا دیمیرر اور پی ایف اے کے صدر جبریل الراجوب ابو عمار کپ کے فائنل میں شرکت کر رہے تھے جب اسرائیلی فورسز نے مقابلے میں خلل ڈال دیا۔ پی ایف اے نے کہا کہ میچ نابلس کے فٹبال کلب مرکز بلاتہ اور یروشلم کے کلب جبل المکابر کے درمیان تھا جس میں ہاف ٹائم کے وقفے کے دوران حملہ ہوا۔