وزیراعظم کی زیر صدارت اتحادیوں کا اجلاس

لاہور(اُمت نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کا اہم اجلاس شروع ہوگیا، جس میں ن لیگ کے قائد نواز شریف بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے اہم اجلاس میں شریک چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پی پی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، جے یو آئی اور حکومتی اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، چوہدری سالک حسین، مریم نواز اور ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی بھی شریک ہیں جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد، سابق وزیراعظم نواز شریف بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اہم اجلاس میں شریک ہیں۔
اہم اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی و آئینی صورت حال پر گفتگو کے علاوہ سپریم کورٹ میں پیدا ہونے والی صورت حال اوردو صوبوں میں انتخابات سے متعلق مشاورت بھی اہم اجلاس ے ایجنڈے میں شامل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کسی بھی ممکنہ صورتحال پر قانونی چارہ جوئی سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کی معاونت کے لیے شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، عطااللہ تارڑ، ملک احمد خان اور اٹارنی جنرل سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہیں۔

واضح رہے کہ ملکی سیاسی صورت حال خصوصاً سپریم کورٹ میں پنجاب اور کے پی انتخابات کے التوا سے متعلق جاری کیس کی سماعت کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آج اتحادی جماعتوں کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔