کیا ایم کیوایم اورتحریک انصاف پھر سے قریب ہونے جا رہے ہیں؟ رابطے شروع

کراچی(امت نیوز)  ملک میں جاری سیاسی بحران کے سبب ایک بار پھر ایم کیو ایم کا وزن بڑھ گیا ہے اور ماضی کی اتحادی جماعت نے راہیں جدا کرنے کے بعد ایک زیرک سیاستدان کے ذریعے متحدہ قیادت سے مبینہ طور پر رابطہ کیا ہے۔ سیاسی پنڈٹ اسے کروٹ کو اہم پیش خیمہ قرار دے رہے ہیں اور مختلف حلقوں سے سوال سامنے آرہاہے کہ کیا ایم کیوایم اور تحریک انصاف پھر سے قریب ہونے جارہے ہیں ؟

ہفتے کو پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ نے عمران خان کی ہدایت پر دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے کیے جبکہ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پی ڈی ایم اور جنرل سیکریٹری اسد عمر نے جماعت اسلامی کے امیر سے ملاقات کر کے ساتھ چلنے کی دعوت دی۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے ایم کیو ایم کے تین رہنماؤں کو یکے بعد دیگرے فون کیے اور ملک میں جاری سیاسی بحران، عدلیہ و آئین بحالی تحریک میں ساتھ مانگا جس پر ایم کیو ایم نے کوئی جواب نہیں دیا۔ پی ٹی آئی کے صدر نے کنونیئر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال اور وسیم اختر سے ٹیلی فونک گفتگو میں ملک میں جاری سیاسی بحران اور مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔

مردم شماری پر ایم کیو ایم کے وفاقی اور سندھ حکومت سے تحفظات تاحال برقرار ہیں اور متحدہ قیادت نے مردم شماری کے پہلے مرحلے میں ہونے والی گنتی کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ایم کیو ایم قیادت نے واضح کیا ہے کہ اگر کراچی کی گنتی درست نہیں کی گئی تو عوام اور متحدہ اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہوگی۔