کراچی: موبائل چھیننے اور IMEI نمبر تبدیل کرنے کے ماہر 4 ملزمان گرفتار

کراچی(امت نیوز)  شارع نور جہاں پولیس نے موبائل فون چھیننے اور ان کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرنے والے گروپ کے 4 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او شارع نور جہاں غلام نبی آفریدی نے بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران 4 ملزمان زاہد، الیاس، عادل اور منظور کو گرفتار کرکے چھینے ہوئے 16 موبائل فونز، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر اور 2 پستول برآمد کیے ہیں۔

گرفتار ملزمان زاہد اور الیاس اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث ہیں جبکہ گرفتار دیگر 2 ملزمان عادل اور منظور سافٹ ویئر سے چھینے ہوئے موبائل فونز کی آئی ایم ای آئی تبدیل کرنے کے ماہر ہیں اور وہ اپنے ساتھیوں کے چھینے ہوئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرتے تھے۔

ملزمان کے قبضے سے برآمد 16 موبائل فونز میں سے 3 کا آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرلیا گیا تھا جبکہ 4 موبائل فونز آئی ایم ای آئی تبدیل کرنے کے لیے عادل اور منظور کو دیے گئے تھے۔

ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ پاپوش نگر میں موبائل مارکیٹ کی دکان پر یہ کام انجام دیتے تھے جبکہ ملزمان نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ سستے اور خراب موبائل فون کی آئی ایم ای آئی چھینے ہوئے مہنگے موبائل فونز میں سافٹ ویئر کی مدد سے تبدیل کرتے تھے جبکہ ملزمان مارکیٹ میں بلاک موبائل فونز کو بھی کھولنے میں مہارت رکھتے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ مارکیٹ میں نصف درجن سے زائد افراد اور بھی ہیں جو یہ کام کرتے ہیں، پولیس نے گرفتار ملزمان کے انکشافات کے بعد تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور گروہ میں شامل دیگر افراد کو سرگرمی سے تلاش کیا جا رہا ہے۔