اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت نے انفارمیشن گروپ کے سینئر،تجربہ کار اور باصلاحیت افسر سہیل علی خان کوایڈیشنل سیکرٹری(انچارج) وزارت اطلاعات و نشریات تعینات کردیا ہے جبکہ ان کی پیش رو شاہیرہ شاہد کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انفارمیشن گروپ کے گریڈ 21 کے آفیسر سہیل علی خان جو کہ وزارت اطلاعات و نشریات میں ایڈیشنل سیکرٹری کے عہدے پر خدمات سرانجام دے رہے تھے کو فوری طور پر آ ئندہ احکامات تک ایڈیشنل سیکرٹری(انچارج) وزارت اطلاعات و نشریات مقرر کیا گیاہے۔ ایک دوسرے نوٹیفکیشن کے مطابق انفارمیشن گروپ گریڈ 22 کی آفیسر سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سہیل علی خان ملک اور بیرون ملک کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور اپنے شعبے میں وسیع تجربہ اور مہارت رکھتےہیں۔ وہ اس سے قبل پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی ) کے ڈائریکٹر جنرل، پرنسپل انفارمیشن آفیسر اور جدہ میں پریس قونصلرکے علاوہ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کے فرائض انجام دے چکےہیں۔