ایران:اسکارف نہ لینےپر2خواتین کے سر پردہی انڈیلنے کی وڈیو وائرل

مشہد(انٹرنیشنل ڈیسک)ایران کے شمال مشرقی شہر مشہد میں سر نہ ڈھانپنے والی دو خواتین کے سروں پر ایک شخص نے دہی انڈیل دی۔

دہی انڈیلنے والے شخص کے ساتھ سر نہ ڈھانپنے والی دونوں خواتین کو بھی گرفتار کرلیا گیا ۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔  ایرانی صدر نے ’ قانونی معاملہ‘ قرار دے دیا۔

سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ مشہد کے قریب واقع دودھ کی ایک دکان میں پیش آیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دکان میں موجود دو خواتین سے، جن میں سے ایک نے جزوی طور پر سر ڈھانپا ہوا ہے، ایک شخص بحث کرتا ہے اور اگلے ہی لمحے دہی کا ڈبا اٹھا کر باری باری دونوں کے سروں پر انـڈیل دیتا ہے۔

اسی دوران دکاندار آکر مذکورہ شخص کو دھکا دے کر دکان سے باہر نکال دیتا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مذکورہ دونوں خواتین کو اپنے بال دکھانے پرحراست میں لے لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ایران میں  عوامی مقامات پر خواتین کا سر کو نہ ڈھانپنا خلاف قانون ہے۔

خواتین کے سروں پر دہی انڈیلنے والے شخص کو بھی امن عامہ میں خلل ڈالنے کی پاداش میں گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دکاندار کو بھی قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے نوٹس جاری  کیا گیا ہے۔

وائرل ویڈیو پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایرانی صدر ابراہیم  رئیسی نے اسے ’ قانونی معاملہ ‘ قرار دیا ہے۔