سینٹ ،قومی اسمبلی اجلاس آج ہونگے ،وزیر اعظم کا خطاب متوقع

اسلام آباد (امت نیوز)قومی اسمبلی اور سینٹ کے الگ الگ اجلاس (آج)پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہونگے،قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور سینٹ کے اجلاس کی صدارت چیئر مین سینٹ محمد صادق سنجرانی کرینگے۔وز یر اعظم شہباز شر یف بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہونگے، وزیر اعظم شہباز شریف کے خطاب کا بھی امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کااجلاس دو روزہ وقفہ کے بعد (آج)پیر کو دوپہر دو بجے منعقد ہوگا ۔تلاوت، حدیث،نعت اور قومی ترانہ کے بعد سوالات دریافت کئے جائینگے اور ان کے جوابات دیئے جائینگے ۔

اجلاس کے در ان عالیہ کامران، صلاح الدین ایوبی اور محمد جمال الدین وزیر منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات کی توجہ عوام میں گہری تشویش کا باعث بننے والے فوری عوامی اہمیت کے معاملے کی جانب دلائینگے جو ملک میں رمضان المبارک کے ماہ میں اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ہے ۔اجلاس کے دور ان قائمہ کمیٹیوں اور مختلف رپورٹس پیش کی جائیں گی ۔ وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کارروائی اور طریقہ کار کے قواعد 2007کے قاعدہ288کے تحت تحریک پیش کرینگے کہ کلام بی بی انٹر نیشنل وومن انسٹی ٹیوٹ بنوں ،بل2023زیر غور لانے کےلئے مذکورہ قواعد کے قاعدہ 123کے ذیلی قاعدہ (2)کی مقتضیات موقوف کی جائیں ۔ وفاقی وزیر تعلیم تحریک پیش کرینگے کہ کلام بی بی انٹر نیشنل وومن انسٹی ٹیوٹ بنوں کے قیام کےلئے احکام وضع کر نے کا بل (کلام بی بی انٹر نیشنل وومن انسٹی ٹیوٹ بنوں بل2023 ءقائمہ کمیٹی کی رپورٹ کر دہ صورت میں فی الفور زیر غور لایا جائے ۔

وفاقی وزیر تعلیم تحریک پیش کرینگے کہ کلام بی بی انٹر نیشنل وومن انسٹی ٹیوٹ بنوں کے قیام کےلئے احکام ضع کر نے کا بل (کلام بی بی انٹر نیشنل وومن انسٹی ٹیوٹ بنوں بل2023ءمنظور کیا جائے ۔اجلاس کے دور ان وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے بارہ دسمبر 2022کو پیش کر دہ درج ذیل تحریک پر بحث ’’یہ ایوان 6اکتوبر 2022کو دونوں ایوانوں کے یکجا اجلاس سے صدر پاکستان کے خطاب‘‘ پر ان سے اپنے گہرے تشکر کا اظہار کرتا ہے پیش ہوگی ۔اجلاس میں نکتہ اعتراض کے علاوہ معاملات اٹھائیں گے۔

اجلاس میں مولانا عبد الاکبر چترالی ، احمد حسین دیہڑ ، صالح محمد ، جویریہ ظفر آہیر، سر دار ریاض محمود خان مزاری توجہ دلائو نوٹس پیش کرینگے۔ ایوان بالا کا اجلاس (آج) پیر کی صبح 11 بجے ہو گا۔سینیٹ کے پیر کے اجلاس کا 25 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا جس میں 7 نجی بل بھی شامل ہیں۔ اینٹی ریپ بل، توشہ خانہ بل اورکریمنل لاء ترمیمی بل سمیت دیگر بل شامل ہیں جبکہ ایجنڈے میں سینیٹر ممتاز زہری کی سی پیک کے زراعت پر اثرات کی تحریک التوا بھی شامل ہے۔ عرفان صدیقی کے اردو زبان کے سرکاری دفاتر میں استعمال سے متعلق عملدرآمد کی تحریک التواء ایجنڈے میں شامل ہےاقلیتوں کے پانچ فیصد کوٹے پر عملدرآمد کرنے، ربا کے خاتمے کیلئے اقدامات کی قرارداد ایجنڈے کا حصہ ہے۔