سپریم کورٹ کاخصوصی بینچ آج انتخابات میں تاخیرکیخلاف کیس کی سماعت کریگا

اسلام آباد (امت نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی خصوصی بینچ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی دائر درخواست پر آج پیر 3 اپریل کو دن ساڑھے11 بجے سماعت کرے گا۔

کیس کو حاصل خصوصی آئینی، قانونی اور سیاسی اہمیت اور حکومتی اتحاد اورپی ٹی آئی کے درمیان اس معاملہ میں پائی جانے والی کشیدگی کو مد نظر رکھتے ہوئے کیس کی سماعت کے موقع پر انصاف لائرز فورم اور حکومتی سیاسی اتحاد سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماء،ورکر اور وکلاء کی کثیر تعداد کی طرف سے سپریم کورٹ آ کر اپنی اپنی سیاسی جماعتوں کے حق میں نعرہ بازی کئے جانے کا قوی امکان ہے۔