کابل: طالبان نے خواتین کے زیرِ انتظام ریڈیو اسٹیشن ’’صدائے بانواں‘‘ کو ماہ رمضان میں موسیقی کا پروگرام نشرکرنے پر بند کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان حکومت کے اطلاعات اور ثقافت کے ڈائریکٹر معیز الدین احمدی نے بتایا کہ صوبہ بدخشاں میں خواتین کے زیرِ انتظام ریڈیو اسٹیشن کو رمضان کے مقدس مہینے میں موسیقی کا پروگرام نشر کرنے پر بند کردیا گیا۔
معیز الدین احمدی نے مزید کہا کہ مذکورہ ریڈیو نے رمضان المبارک کے دوران گانے اور موسیقی نشر کرکے امارت اسلامیہ کے قوانین و ضوابط کی متعدد بار خلاف ورزی کی۔
طالبان حکومت کے ڈائریکٹر اطلاعات اور ثقافت نے یہ بھی کہا کہ اگر ریڈیو اسٹیشن کی انتظامیہ امارت اسلامیہ افغانستان کی پالیسی کو قبول کرتا ہے اور دوبارہ ایسی حرکت نہ کرنے کی ضمانت دیتا ہے تو اسے دوبارہ کام کرنے کی اجازت دیدیں گے۔
صدائے بانواں اسٹیشن کی سربراہ ناجیہ سوروش نے کسی بھی قانون، اصول یا روایت کی خلاف ورزی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو کی بندش کا کوئی جواز نہیں تھا۔ یہ اظہار رائے پر پابندی کی ایک سازش ہے۔