اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم پاگل نہیں تھے کہ اپنی اسمبلیاں تحلیل کردیں، قانون کے تحت انتخابات ہونے کو مدنظر رکھتے ہوئے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا۔اگر قانون کی حکمرانی کو یقینی نہ بنایا گیا تو ملک ٹوٹ کر بانا ریپبلک بن جائے گا۔ مجھے ہٹانے کی منصوبہ بندی ایک سال پہلے شروع کردی گئی تھی۔ نواز شریف نے یہ اچھا کام کیا کہ جنرل باجوہ کو توسیع نہیں دی۔
نجی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ جب ان کی حکومت تھی تو ملکی معیشت بہتر ہو رہی تھی لیکن بدقسمتی سے اسے نکال دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے جنرل باجوہ کو شک کا فائدہ دیا لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ میری حکومت کے خلاف سازش کے پیچھے صرف وہی آدمی تھے، ’میں نے مشرق وسطیٰ کے ممالک میں ایک سربراہ مملکت سے ملاقات کی اور اس نے مجھ سے پوچھا کہ کیا باجوہ میرے ساتھ ہیں؟ ’ عمران خان نے کہا کہ یہ ان کے لیے کافی حیران کن تھا۔