کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ’’حق دو کراچی کو‘‘ تحریک دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ایک امیر طبقہ ہم پر مسلط ہے۔ مہنگائی کے بوجھ تلے ہمیں اس طبقے نے دبائے رکھا ہے۔ جب کوئی سمت نہ ہو،عوام کا خیال نہ رکھا جائے تو عوام کا یہی حال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سب کے پیچھے وڈیرے اور جوڈیشری بھی ہیں۔ اب عوام کو اپنے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ 3 دن پہلے سائٹ میں جو واقعہ ہوا، ایک راشن کے لیے 12 لوگ جاں بحق ہوگئے۔ اللہ ہمارے ملک پر رحم فرمائے۔ اس وقت ہمارا ملک بہت سے بحرانوں سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو عقل سلیم ملے یا ان سے جان چھوٹ جائے۔ 76 سال سے ایک حکمران طبقہ ملک پر قابض ہے۔ انہوں نے ہمیں جہالت میں رکھا اور مہنگائی میں پھنسایا۔انہی حکمرانوں نے آئی ایم ایف کے چنگل میں پھنسایا اور عوام کو گروی رکھ دیا۔اس میں عدلیہ، فوج، جاگیردار سب شامل ہیں۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ عوام کو اب فیصلہ کرنا ہوگا۔ عوام متحد ہوکر قابضی ٹولے کے خلاف جدوجہد کریں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں لوگوں کو ریلیف دیا جاتا ہے جب کہ یہاں روز اشیا مہنگی ہو رہی ہیں۔ ملک میں بڑی تعداد ایسے سفید پوشوں کی ہے جو کہیں قطار میں نہیں لگ سکتے، ان کا کون پرسان حال ہے؟۔کمشنرز کوئی کام نہیں کررہے، صرف حکومت کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔