اسلام آباد (امت نیوز) سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخابات میں تاخیر کے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیاجوآج سنایا جائے گا۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجازلااحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سیکرٹری دفاع کو تحریری تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے قراردیاوزارت دفاع اور خزانہ کی رپورٹس کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔
چیف جسٹس نے ریما رکس دیئےالیکشن کی تاریخ میں توسیع کرنا عدالت کا اختیار ہے،کچھ لوگوں کو فیصلے کیلئے پسند کے جج کیوں چاہئیں، ماحول پورے ملک کی طرح عدالت کے اندر اور باہر گرم ہے، ماحول ٹھنڈا کرنے میں اٹارنی جنرل نے بھی مدد نہیں کی، یہ ایشو پارلیمنٹ کو خود حل کرنا چاہیے تھا، یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے 8 اکتوبر کو کیسے سب ٹھیک ہو جائے گا؟،آٹھ اکتوبر میں ایسا کیا ہے جس سے حکومت کو اعتماد ملتا ہے۔چیف جسٹس نے ایک دفعہ پھر انتخابات کے اخراجات کے لیے تنخواہوں میں کٹوتی کی تجویز اور آبزرویشن د ی کہ تنخواہوں میں کٹوتی میں قانونی رکاوٹ ہے تو عدالت ختم کردے گی، جمہوریت کی خوبیوں میں سے ایک یہ ہے کہ کل تک جن پر الزامات تھے وہ آج قیادت کررہے ہیں۔
وفاقی حکومت نے انتخابات کیس میں اپنا جواب جمع کراتے ہوئے پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کردی۔