آئین کی خاطر کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے، آصف زرداری

کراچی (اُمت نیوز) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی سلامتی اور آئین کی خاطر کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔
ذوالفقار علی بھٹو شہید کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ پاکستان اور 1973 کا آئین شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی امانت ہیں، قائد عوام کو دی جانے والی پھانسی کو تاریخ عدالتی قتل قرار دے چکی ہے تاہم اس حوالے سے سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس گزشتہ 10 سال سے سماعت کا منتظر ہے، افسوس ہے 10 سال گزرنے کے باوجود سپریم کورٹ نے ابھی تک اپنی رائے نہیں دی۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کا جسمانی طور پر قتل گیا گیا مگر وہ آج بھی کروڑوں انسانوں کی دلوں میں زندہ ہیں، ان کے قاتل تاریخ کے کوڑے دان میں سڑ چکے ہیں، 27 دسمبر 2007 کے سانحے کے بعد ملک خطرناک صورتحال کا شکار بن چکا تھا تو قائد عوام کے سپاہی نے ان کی امانت کو بچا لیا۔
سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کے سیاسی جانشین نے 1973 کے آئین کو اصل صورت میں بحال کر کے ان کی روح کے سامنے سرخرو ہوا، یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا کرشمہ ہے کہ آج ملک کا ہر شہری آئین کو مقدس دستاویز تسلیم کرتا ہے اور جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے، مضبوط جمہوریت میں ہی ملک کی بقا ہے۔