سندھ(اُمت نیوز) سندھ میں پی پی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی برسی آج منائی جائے گی۔ پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پرآج صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیاگیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقارعلی بھٹو کی 44ویں برسی سےشریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔
ادھر ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر سخت ترین سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔
سندھ کے علاقے لاڑکانہ میں 5 جنوری 1928 کو پیدا ہونے والے ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستانی سیاست کو نیا رخ دیا۔ ایس ایم لاء کالج میں بین الاقوامی قانون پڑھانے والے ذوالفقار بھٹو کی شہرت حکومتی ایوانوں تک پہنچی تو 1958 میں جنرل ایوب خان نے انہیں اپنی کابینہ میں بطور وزیر شامل کر لیا۔ 1963 میں وہ وزیر خارجہ بنے اور ستمبر 1965ء میں انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز سے پیش کیا۔ 30 نومبر 1967ء کو انہوں نے لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نام سے ایک سیاسی جماعت کی بنیاد رکھی، جو بہت جلد پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن گئی۔ بھٹو کی شعلہ بیانی اور عوامی نعروں نے لوگوں کے دل جیت لئے۔