عمران کی3مقدمات میں حاضری معافی کی درخواست مسترد

لاہور(امت نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 3 مقدمات میں حاضری معافی کی درخواست مسترد کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان بطور ڈیوٹی جج نے کی۔

سابق وزیراعظم کی جانب سے ان کے وکلاء نے دلائل دیے کہ عمران خان کا کیس متعلقہ عدالت میں زیر سماعت ہے، وہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پیش نہیں ہوسکتے، عمران خان آج پیش نہ بھی ہوں تو کوئی حرج نہیں۔

عدالت نے پوچھا کہ عمران خان کہاں ہیں، ابھی تک مچلکے بھی جمع نہیں کروائے آپ نے، آپ مجھے بتا دیں عمران خان نے آنا ہے کہ نہیں، ہاں یا ناں میں بتائیں، جو آئے گا وہی ریلف لے گا۔

وکیل عمران خان نے کہا کہ عمران خان آجائیں گے دور نہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ عمران خان 11 بجے تک پہنچ جائیں، اگر عمران خان نہ آٸے تو ضمانت خارج کر دی جائے گی۔

عدالت نے عمران خان کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی 11 بجے تک پیش ہوں۔

اس سے قبل عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 3 مقدمات میں حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ فاضل جج کی رخصت کے باعث آج حاضری سے استثنیٰ دیا جاٸے، عدالت عمران خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔